بھارت :چھتیس گڑھ میں ہندو انتہاپسندوں نے دلت شخص کو پیٹ پیٹ کرقتل کردیا
رائے پور:بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں جہاں بی جے پی کی حکومت ہے، ہندوانتہاپسندوں نے ایک 50سالہ دلت شخص کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ بہیمانہ واقعہ ضلع رائے گڑھ کے علاقے ڈومرپلی میں اس وقت پیش آیا جب نام نہاد اعلیٰ ذات کے ہندوئوں نے مقتول کو پلاسٹک کی رسی سے باندھ کر لاٹھیوں سے مارا پیٹا۔ مقتول کی شناخت پنچرام سارتھی عرف بٹو کے نام سے ہوئی ہے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ سارتھی پر ہندو انتہاپسندوں کے ایک گروپ نے حملہ کیا جس میں اس کے پڑوسی بھی شامل تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ بغیر کسی اشتعال انگیز ی کے کیاگیااورمقتول کی موت ہجومی تشدد کا نتیجہ تھی۔مقامی سماجی کارکنوں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے موب لنچنگ کا معاملہ قرار دیا ہے۔ ایک ممتاز وکیل اور سماجی کارکن ڈگری پرساد چوہان نے حملے کے پیچھے محرکات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وجوہات سے قطع نظر کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کا حق نہیں ہے۔یہ واقعہ بھارت خاص طور پر بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں دلتوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کی ایک اورمثال ہے جہاں دلتوں کو منظم امتیاز اور پرتشدد حملوں کا سامنا ہے۔