آٹھ سال کومہ میں رہنے کے بعد بھارتی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل کی موت
جالندھر25دسمبر(کے ایم ایس)مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں 2015میں ایک حملے میں شدید زخمی ہونے کی وجہ سے آٹھ سال تک کومہ میں رہنے کے بعد بھارتی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل کرنبیر سنگھ نٹ کی بھارتی شہر جالندھر کے ملٹری ہسپتال میںموت ہوگئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈائریکٹر سینک ویلفیئرپنجاب اور بھارتی فوج کے ریٹائرڈ بریگیڈیئر بی اے ڈھلون نے لیفٹیننٹ کرنل کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نومبر 2015میں یہ واقعہ پیش آنے کے وقت وہ160ٹیریٹوریل آرمی بٹالین(جے اے کے رائفلز) کے سیکنڈ ان کمانڈ (2IC) تھے۔انہوں نے کہاکہ کپواڑہ کے علاقے حاجی ناکہ میں ایک حملے میں لیفٹیننٹ کرنل نٹ کے چہرے خاص طور پر نچلے جبڑے پر شدید چوٹیں آئیں۔انہوں نے کہاکہ ملٹری ہسپتال سرینگر اور آرمی ریسرچ اینڈ ریفرل ہسپتال نئی دہلی میں سرجریوں کے باوجود ان کی حالت نازک رہی۔ بھارتی فوج کی میڈیکل کور کے ایک افسر نے ان کی حالت کے بارے میں بتایا کہ ان کے چہرے کا نچلا حصہ بے کارہو گیاتھا، زبان کام نہیں کررہی تھی، وہ لیٹنے کے قابل نہیں تھاکیونکہ زبان پیچھے کی طرف لٹک کر ہوا کے راستے میں رکاوٹ بن جاتی تھی۔