نریندر مودی کے دورے سے قبل مقبوضہ وادی کشمیر میں حفاظتی اقدامات مزید سخت
سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انتظامیہ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے سے قبل حفاظتی اقدامات میں اضافہ کیا ہے اور پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نریندر مودی 13جنوری بروز پیر مقبوضہ وادی کے دورے پر آئیں گے جہاں وہ ضلع گاند ر بل کے علاقے سونہ مرگ میں 6.4 کلومیٹر لمبی زیڈ موڈسرنگ Tunnel کا افتتاح کریں گے۔ نریندر مودی کے دورہ سے قبل وادی کشمیر میں انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
سونمرگ میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی ، ییر ا ملٹری اور پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ بھارتی فورسز اہلکار علاقے میں مسلسل گشت کرتے نظر آرہے ہیں ، انہوں نے سڑکوں پر ناکے لگارکھے ہیں جہاں گاڑیوں ، مسافروں کی سخت تلاشی لی جا رہی ہیں ۔
یاد رہے کہ موسم سرما میں شدید برف باری کی وجہ سے لداخ اور سرینگر کا زمینی رابط کٹ جاتاہے ۔ زیڈ موڈسرنگ وادی کشمیر اور لداخ خطے کے درمیان سال بھر کے رابطے کو یقینی بنانے کیلئے بنائی گئی ہے۔
بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو مضبوط کرنے کیلئے علاقے میں دفاعی نوعیت کے منصوبو ں پر کام تیز کر دیا ہے ۔ زیڈ موڈ ٹنل کی تعمیر کا اصل مقصد لداخ خطے تک بھارتی فوجیوں کی نقل و حرکت کو مزید آسان بنانا ہے جہاں لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر بھارت کی چین کے ساتھ سخت محاذ آرائی جاری ہے۔چین نے حال ہی میں ہوتان پریفیکچر میں لداخ کے کچھ حصے شامل کر کے دو نئی کاو¿نٹیوں کے قیام کا اعلان کیا ۔ اس پیشرفت پر بھی مودی حکومت سخت سیخ پا ہے۔ KMS-01/M