کل جماعتی حریت کانفرنس کا مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحادواتفاق پر زور

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیریوں کے خلاف بی جے پی حکومت کی جارحانہ پالیسیوں اور ضلع بارہمولہ کے علاقے گلمرگ میں رمضان المبارک کے دوران فحاشی پر مبنی فیشن شو کے انعقاد کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں لیفٹننٹ گورنر کی زیر قیادت بی جے پی انتظامیہ کی طرف سے گلمرگ میں ایک فحش فیشن شو کی شدید مذمت کی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ رمضان کے دوران گلمرگ میں اس طرح کا فیشن شو ہمارے عقیدے، ثقافت اور شناخت کی توہین ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے غیر انسانی اور کشمیردشمن واقعات ناقابل قبول ہیں کیونکہ کشمیر اپنے اولیائے کرام، ثقافت اور گہرے مذہبی جذبات کے لئے جانا جاتا ہے۔انہوں نے اس میںملوث افرادکے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔حریت ترجمان نے کہاکہ سیاحت کے فروغ کے نام پر اس طرح کی فحاشی کو علاقے میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحادواتفاق کی اپیل کی ہے۔انہوںنے کشمیری عوام پر زوردیاکہ وہ جموں و کشمیر کی سیاسی، ثقافتی اور مذہبی شناخت کو مٹانے کی بی جے پی کی ہندوتوا حکومت کی کوششوں کے خلاف مزاحمت کریں۔انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کر رہا ہے اور جارحیت کے ذریعے کشمیریوں پر ثقافتی یلغارکر رہا ہے۔انہوںنے کہا کشمیریوں کے خلاف جرائم میں ملوث مجرموں کو آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ جیسے کالے قوانین کے تحت استثنیٰ حاصل ہے جو احتساب اور انصاف کے شدید فقدان کو ظاہر کرتا ہے۔





