تنازعہ کشمیرکاپر امن حل خطے میں دیرپا امن او ر کشمیریوں کے حقوق کا ضامن ہے، وزیر اعظم

اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا پرامن حل ہی کشمیریوں کے حقوق اور خطے میں دیرپا امن کی ضمانت ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ 1947 میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے سری نگر اجلاس کی یاد میں ہر سال 19 جولائی کو یوم الحاق کشمیر منایا جاتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ غیر قانونی قبضے کے خلاف بہادر کشمیریوں کی دہائیوں سے جاری جدوجہد ان کی حب الوطنی اور آزادی کی حقیقی خواہش کو ظاہر کرتی ہے ،اس دن کشمیر کے بہادر عوام نے ریاست جموں و کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد پاس کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کی داستان جو 1947 میں شروع ہوئی تھی آج تک جاری ہے، بھارت کے وحشیانہ جبر کے باوجودکشمیری عوام کا جذبہ اٹوٹ ہے اور درحقیقت ان کی آزادی کی خواہش وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔





