پاکستان کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں انکے شانہ بشانہ ہے، انجینئر امیر مقام
پاکستان بھر میں 5اگست کو یوم استحصال کشمیر کے طورپر منایا جائے گا
اسلام آباد:
وفاقی وزیر امورِ کشمیر وگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہاہے کہ پاکستان بھر میں 5اگست کو یومِ استحصالِ کشمیر کے طور پر منایا جائے گا، جو کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، بھارتی غیر آئینی اقدامات کیخلاف صدائے احتجاج، اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کا دن ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر امیر مقام نے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کے ہمراہ اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 5اگست 2019کو بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت کو ختم کرتے ہوئے دفعہ370اور 35-Aکو منسوخ کردیاتھا۔ بھارتی حکومت کا یہ اقدام کشمیریوں کو انکی شناخت، زمین، روزگار اور حقوق سے محروم کرنے کی سازش ہے۔ بھارت نے مقبوضہ خطے کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے جہاں لاکھوں کشمیریوں کو شہید، ہزاروں کو قید اور بڑی تعداد میں نوجوانوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا یاجارہاہے ۔امیر مقام نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو ہر قومی و بین الاقوامی فورم پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ سمیت عالمی فورمز پر جاندار اور مدلل انداز میں پیش کیا اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا۔انہوں نے مزید کہا کہ 5اگست کو ہم نے پاکستان بھر میں مختلف احتجاجی مظاہروں، ریلیوں، اور تقریبات کا اہتمام کیا ہے تاکہ دنیا کو باور کرایا جا سکے کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد آزادی میں تنہا نہیں، ان کا ایک مضبوط و باعزم وکیل پاکستان موجود ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے اس موقع پر کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کی حکومت، عوام، اور سول سوسائٹی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کیلئے ایک پشتبان، ایک امید اور ایک نظریاتی و جغرافیائی ساتھی ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر بھارت کا حصہ نہیں بلکہ بین الاقوامی طورپرتسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے،جس پر بھارت نے فوجی طاقت کے بل پر قبضہ کر رکھاہے جسے کشمیری عوام نے کبھی قبول کیا ہے نا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ 5اگست کو دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور پاکستانی بھارتی اقدامات کیخلاف احتجاجی مظاہرے، ریلیاں، اور سیمینارز منعقد کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حریت قیادت، بھارت کے غیر قانونی تسلط کو کسی صورت قبول نہیں کرتی اور کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ایک زندہ حقیقت ہے، جسے طاقت اور جبر سے دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی وہ غیر آئینی اقدامات کی منسوخی اور کشمیری عوام کوانکا حق ِ خودارادیت دلوانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں ۔پریس کانفرنس میں کشمیری حریت رہنما ء حاجی محمد سلطان ،سید اعجاز رحمانی ، شیخ یعقوب ،جاوید اقبال ،امتیاز وانی، چوہدری شاہین ،محمد شفیع ڈار ،اور مشتاق احمد بٹ بھی موجود تھے۔





