5اگست کے بھارتی اقدامات کشمیریوں کو بے اختیار بنانے کی کوشش ہے:ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد:دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ 5اگست کے بھارتی اقدامات کشمیریوں کو بے اختیار بنانے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ یومِ استحصال پر پاکستان کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کر رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان اور عوام یومِ استحصال کشمیر بھرپور انداز میں منا رہے ہیں۔ صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے کشمیریوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ تنازعہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ نے یو این اور او آئی سی سربراہان کو خطوط بھیجے، اقوامِ متحدہ کو کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینے کے وعدے پورے کرنے چاہیے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بہتری اور سیاسی قیدیوں کی رہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکریٹری خارجہ نے اسلام آباد میں سفیروں کو مقبوضہ جموں و کشمیر پر بریفنگ دی اور مقبوضہ علاقے کے قانونی، سیکیورٹی اور انسانی پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ یومِ استحصال کے موقع پر اسلام آباد میں اظہارِ یکجہتی واک کا انعقاد ہوا۔ واک کی قیادت وزیر خارجہ نے کی جس میں وزارت کے افسران اور دیگر شریک ہوئے۔ ملک بھر میں سیمینارز، ریلیاں، نمائشیں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ دنیا بھر میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی شرکت سے آگاہی تقریبات ہوئیں۔






