حیدرپورہ جعلی مقابلہ: بھارتی پولیس کا تازہ بیان من گھڑت کہانی اور پردہ پوشی کی کوشش ہے: پی اے جی ڈی
سرینگر 28 دسمبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن (پی اے جی ڈی) نے کہا ہے کہ حیدر پورہ جعلی مقابلے کے بارے میں بھارتی پولیس کی پریس بریفنگ پرانی کہانی کا اعادہ ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پی اے جی ڈی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ عوام میں یہ گہرا تاثر پایاجاتا ہے کہ اس واقعے میں شہید ہونے والے شہریوں کو بھارتی فورسز نے انسانی ڈھال کے طورپر استعمال کیاور پولیس کا تازہ بیان ایک من گھڑت کہانی اور پردہ پوشی کی کوشش لگتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس سے عوام اور شہداءکے اہلخانہ کے جائز خدشات دورنہیں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ ہمیںپختہ یقین ہے کہ قابل اعتماد عدالتی تحقیقات سے کم کسی چیز سے شکوک دور نہیں ہونگے ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کو مزید تاخیر کئے بغیر مقررہ وقت کے اندر اندر عدالتی تحقیقات کا حکم دینا چاہیے۔واضح رہے بھارتی پولیس نے حیدر پورہ جعلی مقابلے میں ملوث بھارتی فورسز کے اہلکاروں کو بری الذمہ قراردیاتھا۔