مقبوضہ جموں و کشمیر

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے تقریب کا اہتمام

111اسلام آباد 22جولائی(کے ایم ایس )
اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیر اہتمام تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی کنوینئر قومی یکجہتی فورم سعودی عرب کشمیر کمیٹی جدہ اوروزیراعظم آزاد کشمیر کے سابق مشیرسردار محمد اقبال یوسف تھے جبکہ اوورسیز صحافی وقار الزمان کیانی اور دیگر نے خصوصی طورپر تقریب میں شرکت کی۔ سردار محمد اقبال یوسف نے اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے محکوم عوام کے اجتماعی جذبات، جدوجہد، مصائب اور قربانیوں کی نمائندگی کررہی ہے اور کشمیریوں میں اسے ایک اعلیٰ مقام حاصل ہے۔انہوں نے شرکا کو اپنے دورہ برطانیہ اور سعودی عرب میں کشمیر کے حوالے سے اپنی جدوجہد کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے عہدیداران کشمیر کاز اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کو اجاگر کرنے کیلئے سیاسی اور سفارتی محاذوں پر ہر ممکن کوششیں کریں گے۔ وقار الزمان کیانی نے کہا کہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا پر عیاں ہو چکا ہے اور کل جماعتی حریت کانفرنس کی مشاورت سے بین الاقوامی سطح پرجدوجہد آزادی کشمیر میں مزیدتیزی لائی جائیگی ۔ کنوینئر محمود احمد ساغر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کیلئے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھنے اور ایک نئے لائحہ عمل کے ساتھ آگے بڑھنے پر زور دیا ۔تقریب سے محمدفاروق رحمانی ،غلام محمد صفی ،شیخ عبد المتین ،شیخ محمد یعقوب ،جاوید اقبال بٹ ،سید اعجاز رحمانی اور امتیاز وانی نے بھی خطاب کیا ۔محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ عالمی اداروں کے پاس ہمیں بار بار جانا ہو گا اور ان سے موثررابطے استوار کرنے کی ضرورت ہے ۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ہمیں ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا کا بہترین استعمال کرنا ہو گا۔ امریکا یورپ اور دیگر ممالک میں موجود کشمیریوں اور پاکستانیوں کو اس مقصد کیلئے اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔ تقریب میں راجہ عبد السلام کیانی ،راجہ پرویز ، زاہد قریشی ، سردار محمد عثمان ، ڈاکٹر عدنان کیانی، آفتاب کیانی اور سردار عبد الطیف عباسی سمیت دیگر نے بھی شرکت کی ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button