بھارتی فضائیہ نے ’اڑتے تابوت‘ کہلائے جانیوالے مگ21 طیاروں سے بلاآخر جان چھڑالی

نئی دہلی:بھارتی ائر فورس نے 62 سال سے زیر استعمال روسی ساختہ جنگی طیاروں مِگ 21 سے بلا ٓخر جان چھڑالی۔ائر فورس کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے ان طیاروں کی آج الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ تھے ۔تقریب میں بھارتی ائر فورس کے سربراہ ائیر چیف مارشل اے پی سنگھ نے مِگ 21 بائسن طیارے میں ’بادل 3‘ کے کال سائن کے ساتھ آخری پرواز کی۔
یاد رہے کہ بھارت کے 876 مِگ 21 طیاروں میں سے 490 طیارے حادثات کا شکار ہو چکے ہیں جن میں 200 سے زیادہ بھارتی پائلٹ اور 60 سے زائد عام شہری اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
اس خراب ریکارڈ کے باعث بھارتی پائلٹس میں یہ طیارے ’فلائنگ کوفِن‘ یا ’اڑتے تابوت‘ کے نام سے مشہور ہیں۔
یہ فلائنگ کوفن عالمی سطح پر اس وقت بھی خبروں کی زینت بنا جب 2019 میں پاک فضائیہ کے آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کے دوران بھارتی ونگ کمانڈر ابھینندن ورتھمان کا مگ 21 پاکستانی فضا میں گرادیا گیا تھا۔
بھارت نے مگ 21 طیارے آپریشن سندور، کارگل جنگ، بالاکوٹ حملوں اور 1965 اور 1971 کی جنگوں میں استعمال کیے۔







