بھارت : آسام میں ہندو انتہاپسندوں کا عیسائی اسکولوں سے مذہبی علامات ہٹانے کا مطالبہ
گواہاٹی: بھارت کی ریاست آسام میں ایک نامعلوم ہندو انتہا پسند گروپ نے عیسائی اسکولوں سے مطالبہ کیاہے کہ وہ اسکولوں سے مذہبی علامات کو ہٹائیں ورنہ سنگین نتائج کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نامعلوم ہندو گروپ نے آسام کے عیسائی اسکولوں کو دھمکی دی ہے کہ وہ اسکولوںکے احاطوںسے صلیب اور مجسموں جیسی مذہبی علامات کو ہٹادیں ورنہ سنگین نتائج کے لئے تیار رہیں۔گمنام خطوط کے ذریعے دی گئی دھمکیاں حالات کی سنگینی کو واضح کرتی ہیں اوراگر مذکورہ شرائط پر عمل نہ کیا گیا تو نتائج کچھ بھی ہوسکتے ہیں۔عیسائی اسکولوں اور تنظیموں نے دھمکیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام مذہبی آزادی کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے اور ملک کی سیکولر بنیاد کے لئے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ادارے اپنے متعلقہ عقائد کے اصولوں کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری نبھاتے ہیں اور یہ علامات اور مجسمے مذہبی تعلیم کے لازمی اجزا ء ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان علامتوں کو ہٹانا مذہبی اقلیتوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔