آسام : ووٹر لسٹ پر نظر ثانی میں بے ضابطگیوں کے خلاف طلبا کا احتجاجی مظاہرہ
دھوبری:
بھارتی ریاست آسام میں آل آسام اقلیتی طلبا یونین نے انتخابی فہرستوں کی جاری خصوصی نظرثانی میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں پربی جے پی کی ریاستی حکومت کے خلاف ضلع دھوبری میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈسٹرکٹ کمشنر آفس کے باہر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ یونین کے رہنمائوں نے کہا کہ نظرثانی کے عمل کے نتیجے میں بڑی تعداد میں ووٹرزکو انتخابی فہرست سے خارج کردیا گیا ہے۔ مظاہرین نے بی جے پی کی ریاستی حکومت خصوصا وزیراعلیٰ ہمنتا بسوا سرماکے خلاف زبردست نعرے لگائے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی ووٹر لسٹ پر خصوصی نظرثانی کو عام شہریوں کے خلاف "جھوٹے الزامات” لگانے اور ان کی حیثیت پر سوال اٹھانے کیلئے کررہی ہے ۔سٹوڈنٹس یونین کے جنرل سکریٹری الفاروق اسکور رحمن نے خبردارکیاکہ اگرحقیقی شہریوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ فوری بند نہیں کیاگیا تو ہم بوتھ لیول آفیسرز اور انتخابی عہدیداروں کے خلاف قانونی کارروائی پر مجبو ر ہوں گے ۔ مظاہرین نے ڈسٹرکٹ کمشنر کو ایک یادداشت بھی پیش کی ، جس میں ووٹرز کی جانچ پڑتال کے دوران قانونی طریقہ کار کو نظرانداز کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔





