بھارت :تریپورہ میں اسمگلروں کے حملے میں بی ایس ایف کے پانچ اہلکار زخمی، گاڑی کی توڑ پھوڑ
اگرتلہ: بھارتی ریاست تریپورہ کے ضلع سیپاہیجالا میں بھارت-بنگلہ دیش سرحد کے قریب مشتبہ اسمگلروں کے حملے میں بھارتی پیراملٹری بارڈر سیکورٹی فورس کے پانچ اہلکار زخمی ہوئے اور ان کی گاڑی کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بشل گڑھ پولیس سٹیشن کے انچارج افسر بکاش داس نے بتایا کہ یہ واقعہ جمعہ کی شام بشل گڑھ-کمتھانہ روڈپر اس وقت پیش آیا جب کمتھانہ سرحدی چوکی پر تعینات بی ایس ایف اہلکاروں نے ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا۔ تاہم گاڑی قریبی مویشی منڈی کی طرف بڑھ گئی۔بی ایس ایف اہلکاروں نے مویشی منڈی تک گاڑی کا تعاقب کیاجہاںمویشی اسمگلروں اور بی ایس ایف اہلکاروں کے درمیان توتو میں میں ہوگئی اور اسمگلروں نے بی ایس ایف پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار زخمی ہوئے اور ان کی گاڑی کی توڑ پھوڑ کی گئی۔پولیس نے بتایاکہ کیس درج کرلیاگیا ہے اور حملے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔








