مقبوضہ جموں وکشمیر کی ابترصورتحال عالمی برادری کی مداخلت کی متقاضی ہے
سوپور قتل عام کی منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ
سرینگر 06 جنوری (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماو¿ں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے سوپور قتل عام کے شہداءکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے کی ابتر صورتحال تنازعہ کشمیر میں بین الاقوامی مداخلت کی متقاضی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے 1993 میں آج کے دن سوپور میں 60 سے زائد شہریوں کو شہید اور قصبے کو نذرآتش کر کے 350 سے زائد دکانوں اور رہائشی مکانات کو جلا کر خاکستر کر دیا تھا۔ متاثرہ خاندان ابھی تک انصاف کے منتظر ہیں جبکہ اس گھناو¿نے جرم کے مجرم آزاد گھوم رہے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں سید بشیر اندرابی، خواجہ فردوس، عبدالاحد پرہ، شبیر احمد ڈار، زمردہ حبیب، یاسمین راجہ، فریدہ بہن جی اور انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن اونتو نے اپنے بیانات میں مقبوضہ علاقے میں گزشتہ تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے سوپور جیسے قتل عام پر بھارت کی مذمت کی۔ انہوںنے کہا کہ سفاک بھارتی فوجیوں نے سوپور قصبے میں لوٹ مار کی، معصوم شہریوں کو بے رحمی سے گولیاں مار کر شہید کیا اور سیب کے باغات میں تہس نہس کر دیے۔ انہوںنے قتل عام کے دلخراش واقعات کی عالمی عدالت انصاف سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
دریں اثنا ءسوپور میں آج بہیمانہ قتل عام کو انتیس برس مکمل ہونے پر مکمل ہڑتال کی گئی۔ تمام دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد ورفت معطل تھی۔ حکام نے بھارت مخالف مظاہروں اور ریلیوں کو روکنے کے لیے سوپور قصبے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا تھا۔
نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے کشمیر کی زمین چھیننے کے اپنے مذموم ایجنڈے کو جاری رکھتے ہوئے فوجی کیمپوں اور دیگر ڈھانچے کی تعمیر کے لیے گلمرگ اور سونمرگ میں 1ہزا3سو 88 کنال اراضی بھارتی فوج کو الاٹ کی ہے۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے اس اقدام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے جموں و کشمیر کو فوجی چھاو¿نی میں تبدیل کر دیا ہے۔
ادھر مقبوضہ علاقے میں تین مختلف واقعات میں تین بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے۔ پونچھ کے علاقے مینڈھر میں ایک بھارتی فوجی کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد ہوئی جب کہ راجوری میں ایک جونیئر کمشنڈ افسر سڑک حادثے میں اور ایک ہیڈ کانسٹیبل کپواڑہ میں دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہو گئے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے اسلام آباد میں ایک اجلاس میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام پر بھارت کوجوابدہ ٹھہرائے۔