بھارتی پولیس نے بارہمولہ اور کپواڑہ اضلاع سے تین افراد گرفتار کر لیے
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی پولیس نے بارہمولہ اور کپواڑہ اضلاع میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس نے ناظم الدین کو بارہمولہ کے علاقے خانپورہ سے گرفتار کیا۔ وقار احمد خواجہ کو ہندواڑہ بائی پاس کے قریب ایک چوکی پر گرفتار کیا گیا جبکہ منظور احمدبٹ کو پولیس نے ہندواڑہ کے علاقے مراٹھ گام میں واقع ان کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران گرفتارکیا۔ناظم الدین اوڑی کے علاقے زمبور پٹن کا رہنے والا ہے جبکہ وقار کا تعلق ٹنگڈارکپواڑہ سے ہے۔پولیس نے ان گرفتاریوں کا جواز پیش کرنے کے لیے ان پر منشیات کی سمگلنگ میں ملوث ہونے کا الزام لگایاہے۔ تاہم بھارتی حکام ایسی کارروائیاں کشمیریوں کو ہراساں کرنے کی ایک وسیع حکمت عملی کے تحت کرتے ہیں۔ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں اختلاف رائے کو دبانے اور حق خود ارادیت کے کشمیریوں کے جائز مطالبے دبانے کے لئے مختلف بہانوں سے لوگوں کی گرفتاریاں اور نظربندیاں ایک معمول ہے۔ادھر ضلع سانبہ میں اپنے کرایہ داروں کی تفصیلات فراہم نہ کرنے پرپولیس نے دو مکان مالکان کے خلاف مقدمہ درج کیاہے۔