بیرونی ملک کشمیری ہمارا اثاثہ ہیں، مسئلہ کشمیر کو اجاگرکرنے میں ان کا اہم کردار ہے: مقررین تقریب

اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیرشاخ اور جموں وکشمیر کمیونٹی انٹرنیشنل کی قیادت نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برداری سے مطالبہ کیاہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی جارحیت کا نوٹس لے جہاں قابض حکام نے مکانات گرانا اور زمینوں پر قبضہ جمانا شروع کردیاہے اور کشمیریوں کا عرصہ حیات تنگ کیاگیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں پیش کی گئی ایک قرارداد میں تہاڑ جیل میں نظربند ضمیر کے قیدی شبیر احمد شاہ،محمد یاسین ملک، مسرت عالم بٹ، آسیہ اندرابی اور بھارت کی مختلف جیلوں میں نظربند تمام کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔ تقریب کا انعقادجموں وکشمیر کمیونٹی انٹرنیشنل کی یورپی شاخ کی چیئرپرسن ثمینہ ناز گل ،ماہ نور راجہ ، بلقیس صابر اور بلقیس گیلانی کے اعزاز میںکیا گیا تھا۔ قرارداد میںمقبوضہ جموں وکشمیر میں تحریک آزادی کشمیر کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بطور آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی گئی ۔تقریب میں کشمیرکاز کو اجاگر کرنے کے لئے جموں وکشمیر کمیونٹی انٹرنیشنل اسلام آباد کی خدمات کوسراہا گیا۔مقررین نے کہاکہ کشمیری عوام کو گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارت کے ظلم و بربریت ، فوجی تسلط، معاشی، معاشرتی اورثقافتی استحصال کا سامنا ہے۔ مقررین نے کہاکہ بیرونی ملک مقیم کشمیری ہمارا اثاثہ ہیں جہاں وہ کشمیر کازکے لئے کام کررہے ہیں وہاں وہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ مقررین نے کہاکہ بیرونی ملک مقیم پاکستانیوں اورکشمیریوں کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھرپور اورجاندار کرداد اداکرنے کی ضرورت ہے۔ تقریب سے دیگر لوگوں کے علاوہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی، محموداحمد ساغر،ثمینہ نازگل اوردیگر نے خطاب کیا۔ تقریب میںمحمدفاروق رحمانی ،پرویز ایڈووکیٹ ،شیخ عبدالمتین ، راجہ پرویزاحمد ، راجہ گل زریں ، سردار کامران اعظم ، رفیق ڈار ،سلیم ہارون، فیض نقشبندی، لال حسین راجپوت، سردارصدیق مغل،غلام بنی بٹ ،ماہ نو راجہ ،بلقیس صابر راجہ ، ساجدہ گیلانی، روبینہ بٹ ، عشرت خالد اورافشاں کیانی نے شرکت کی اورخطاب کیا۔اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ کے بیٹے کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی جن کا حال ہی میں ایک حادثے میں انتقال ہوگیا تھا۔







