مقبوضہ جموں و کشمیر

جموں:” یونائیٹڈ پیس الائنس “ کی طرف سے عید ملن پارٹی کا اہتمام

جموں 17 جولائی (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں یونائیٹڈ پیس الائنس (یو پی اے) نے آج(اتوار) جموں میں عید ملن کا اہتمام کیا جس میں دو درجن سے زائد سماجی وسیاسی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور یو پی اے کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے شرکاءسے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوتوا طاقتیں مقبوضہ جموں وکشمیر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے ہر باشندے کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ان فرقہ پرست طاقتوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنائے۔ انہوں نے کہا کہ دائیں بازو کی کچھ سیاسی جماعتیں برادریوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دے رہی ہیں کیونکہ یہ ان کا سیاسی ایجنڈہ ہے۔
اس موقع پر دیگر شرکا نے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 اور 35-A کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر کے لوگوں کے سیاسی، جمہوری اور اراضی کے حقوق چھین لیے گئے ہیں اور ہمیں متحد ہو کر اپنے حقوق کی واپسی کے لیے جدوجہدکرنے کی ضرورت ہے۔ اظہار خیال کرنے والوں میں آر کے کلسوترا،نریندر سنگھ خالصہ، ایڈووکیٹ وارث گل، گیتن سنگھ، امر چند بھگت اور سکھدیو سنگھ شامل تھے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button