نیشنل کانفرنس کا بھارت میں کشمیریوں پر حملوں کا فوری اور مستقل حل کا مطالبہ

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں نیشنل کانفرنس نے بھارت کے مختلف علاقوں میں کشمیریوں پر پے درپے حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری کارروائی اور مسئلے کے مستقل حل کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نیشنل کانفرنس کے ترجمان اور جڈیبل سرینگر سے رکن اسمبلی تنویر صادق نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ یہ واقعات انتہائی پریشان کن اور ناقابل قبول ہیں، بھارت میں مقیم کشمیریوں کے تحفظ اور احترام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حملوں کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت ہے کیونکہ بہت سے مجرم شہرت اور میڈیا کوریج کے حصول کے لیے اس طرح کی کارروائیاں کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگ شہرت حاصل کرنے کے لیے یہ حملے کرتے ہیں اور جب تک سخت کارروائی نہیں جائے گی، ایسے عناصر حالات کا فائدہ اٹھاتے رہیں گے۔انہوں نے بھارتی حکام پر زور دیا کہ وہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کشمیری جہاں کہیں بھی رہتے ہیں یا کام کرتے ہیں، وہ محفوظ محسوس کریں۔ این سی رہنما نے کہاکہ نفرت پر مبنی تشدد کو کسی صورت برداشت نہیں کرنا چاہیے اور حکومت کو واضح پیغام دینا چاہیے کہ اس طرح کے رویے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے گزشتہ ایک ہفتے سے ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں کشمیری شال فروشوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان حملوں کی وجہ سے وادی کشمیرکے لوگوں میں شدید غم وغصہ پایا جاتاہے۔







