مودی حکومت انسداد تجاوزات مہم کے نام پر کشمیریوں سے ان کی زمینیں چھین رہی ہے: رپورٹ
اسلام آباد22جنوری(کے ایم ایس)مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسداد تجاوزات مہم کے نام پر کشمیریوں سے ان کی زمینیں اور جائیدادیں چھیننا شروع کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں زمینوں سے بے دخلی کی تازہ ترین مہم مودی حکومت کی نوآبادیاتی ذہنیت کا ایک اور مظہر ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت ایک کے بعد ایک ایسے قوانین متعارف کروا رہی ہے جن کا مقصد علاقے کی مسلم اکثریتی حیثیت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرکے حکام کا زمینوں پر قبضے کا نیا حکم کشمیریوں سے ان کی زمینیں چھیننے کے مودی حکومت کے مذموم منصوبے کا حصہ ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں قابض حکام نے گزشتہ چند دنوں میں کشمیریوں سے ہزاروں کنال اراضی چھین لی ہے اورصرف ضلع اسلام آباد میں لوگوں سے مجموعی طورپر 40ہزارکنال سے زیادہ اراضی چھینی گئی ہے جبکہ ضلع میںصرف گزشتہ تین دنوں میں 4200کنال سے زیادہ زمین لوگوں سے چھینی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کئی نسلوں سے مقامی لوگوں کے قبضے میں رہنے والی زمینوں سے انہیں بے دخل کرنے کا مقصد کشمیر کو ایک نوآبادی بنانا ہے، اس لیے عالمی برادری کو مقبوضہ جموں وکشمیرمیں مودی کے مذموم منصوبوں کا نوٹس لینا چاہیے۔ اقوام متحدہ کو بھی فوری مداخلت کرنی چاہیے اورفسطائی مودی حکومت کو مقبوضہ علاقے میں نوآباد یاتی منصوبے کو نافذ کرنے سے روکنا چاہیے۔