مودی سے سوال پوچھیں تو انہیں غصہ آتا ہے، راہول گاندھی
نئی دلی 29 جولائی (کے ایم ایس)انڈین نیشنل کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے بھارت میں ریکارڈ بے روزگاری کے معاملے پر بھارتیہ جنتاپارٹی کی حکومت کو ایک مرتبہ پھر کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مودی نے نوجوانوں کو کچھ نہیں دیا ہے اور سوال پوچھے جانے پر انہیں غصہ آتا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق راہول گاندھی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ 22کروڑ بھارتی نوجوان8برسوں میں سرکاری نوکری کیلئے قطار میں لگے جن میں سے صرف 7.22لاکھ کو نوکری مل سکی یعنی ایک ہزار نوجوانوں میں سے صرف تین کو۔ انہوںنے ٹویٹ میں کہا کہ بے روز گاری پر سوال پوچھیں تو راجہ (مودی) کو غصہ آتا ہے، سچ تو یہ ہے کہ روزگار دینا ان کے بس کی بات نہیں ۔ راہول گاندھی نے لکھا کہ بی جے پی نوجوانوں کو صرف مذہب میںالجھا رہی ہے ۔ یاد رہے کہ بھارتی ایوان زیریں لوک سبھا میں بی جے پی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق مئی 2014میں وزیر اعظم نریندر مودی کے اقتدار سنبھالنے کے بعد کل 7لاکھ 22ہزار 311درخواست دہندگان کو مختلف سرکاری محکموںمیں نوکریاں دی گئی ہیں ۔