مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کے بہیمانہ واقعات بھارتی جمہوریت کے ماتھے پر بدنما دھبہ ہیں، صمد انقلابی
سرینگر 09 جنوری (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماعبدالصمد انقلابی نے گاوکدل ، حول ، زکورہ ، سوپور ، ہندواڑہ ، کپواڑہ اور بیج بہاڑہ قتل عام کے شہداءکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 33برس کے دوران نہتے کشمیریو ں کے قتل عام کے یہ بہیمانہ واقعات بھارتی جمہوریت کے ماتھے پر ایک بدنما دھبہ ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے کالے قانون آرمڈفورسز سپیشل پاورز ایکٹ کے تحت اپنی فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے ۔انہوںنے کہا کہ 1989سے اب تک قابض بھارتی فوجیوں نے ایک لاکھ کے لگ بھگ کشمیریوںکو شہید جبکہ اٹھ ہزار کو گرفتاری کے بعد لاپتہ کیا۔عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ بھارتی یوم جمہوریہ اور یوم آزادی کشمیریوں کے لیے مزید مشکلات کا باعث بنتے ہیںکیونکہ قابض فورسز نام نہاد سیکورٹی کے نام پر گاڑیوں، ان میں سوار مسافروں اور راہگیروں کی تلاشی کا سلسلہ تیز کردیتی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی فورسز نے اس بار بھی چھبیس جنوری کے سلسلے میں سرینگر اور دیگر علاقوں میں نام نہاد حفاظتی اقدامات کا سلسلہ تیز کر کے ٹھٹھرتی سردی میں لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما نے کہا کہ محکوم کشمیری اس مرتبہ بھی بھارتی جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منا کر بھارت کو یہ واضح پیغام دیں گے کہ وہ اسکے غیر قانونی قبضے کو تسلیم نہیں کرتے ۔ عبدالصمد انقلابی نے انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لیں۔