سرینگر: پنڈتوں نے وادی کشمیر سے بڑے پیمانے پر نقل مکانی کی دھمکی دیدی
سرینگر 01 جون (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کشمیری پنڈتوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر بھارتی حکومت نے انہیں آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر محفوظ مقامات پر منتقل نہیں کیا تو وہ وادی کشمیر سے نقل مکانی کریں گے۔پنڈتوں نے نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں کولگام میں ایک پنڈت معلمہ کے قتل کے خلا ف سرینگر میںزیر دست احتجاج کیا۔
مظاہرین نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر حکومت نے 24 گھنٹوں کے اندر ہماری حفاظت کے حوالے سے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا تو ہم وادی سے بڑے پیمانے پر نقل مکانی کریں گے۔مظاہرے میں شریک ایک شخص نے کہا کہ جب تک ہمیں یہاں سے محفوظ مقام پر منتقل نہیں کیا جاتا ہم دھرنے پر بیٹھ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی سیکورٹی فراہم نہیں کی جا رہی ۔
یاد رہے کہ نامعلوم افراد نے ضلع کولگام کے علاقے گوپال پورہ میں منگل کی صبح ایک پنڈت خاتون معلمہ رجنی بالا پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں انکی موت واقع ہو گئی ۔ گزشتہ ماہ(اپریل) کی 12تاریخ کو ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ میں نامعلوم مسلح افراد نے راہل بٹ نامی ایک پنڈت سرکاری ملازم کو گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔