مقبوضہ جموںوکشمیر: بھارتی فورسز نے 5نوجوان گرفتار کر لیے

سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں میں کشتواڑ اور شوپیاں اضلاع میں پانچ نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے ضلع کشتواڑ کے علاقے دچھن میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران محکمہ جنگلات کے ایک ملازم سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ان کی گرفتاری کا جواز فراہم کرنے کے لیے ان پر مقامی آزادی پسند کارکنوں کا ساتھ دینے اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کا الزام عائد کیاگیا ہے ۔ ان کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون” یواے پی اے“ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
دریں اثنا، بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں کے علاقے پڈسو میں تلاشی آپریشن کے دوران مزید تین افراد کو حراست میں لیا ۔ فورسز نے انکے قبضے سے دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔






