اتراکھنڈ: ہندو توا غنڈوں کا مسلم نوجوان پر بہیمانہ تشدد

دہرادون: بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ہندو تواغندوں نے ایک مسلم نوجوان کو بہیمانہ مار پیٹ کا نشانہ بنایا۔نوجوان پر الزام لگایا گیا کہ وہ گھر کی چھت سے خواتین کو دیکھتا تھا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غنڈوں کی قیادت ہندو توا گروپ سناتن سنسکرتی کا ایک رہنما ارادھا سیموال کر رہا تھا ۔ حملے کا ویڈیو بھی وائرل ہوا ہے جس میں سیموال کو مسلم نوجوان کو بار بار تھپڑ مارتے ، اسکے بال کھینچتے ہوئے اور اسکے ساتھ ساتھ تمام مسلمانوں کو گالم گلوچ کا نشانہ بناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس دوران مسلم نوجوان کو اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کی تردید کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں ایک ہندو خاتون کو بھی نوجوان پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔یہ خاتون مسلمانو ں کیخلاف انتہائی نفرت آمیز جملے کہتی ہے ،اور علاقے کے ہندوﺅں کو خبردار کرتے ہے کہ اگر کسی نے مسلمانوں کو کرایہ پر گھر دیا تو وہ اسکے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائے گی۔مسلم نوجوان پر تشدد کا یہ بہیمانہ واقعہ 29جون کو پیش آیا ہے۔ انسانی حقوق اور سول سوسائٹی کے کارکنوں کی طرف سے واقعے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے ۔






