بھارتی مسلمان بار بار وفاداری ثابت کرنے پر مجبور،قائداعظم کا فرمان سچ ثابت ہوا

اسلام آباد: مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی ہندوتواحکومت نے بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کی وفاداری کو مشکوک بنا کران کی زندگیوں کو داو پر لگا دیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا فرمان سچ ثابت ہوگیا۔ بھارت کے مسلمانوں کو بار بار اپنی وفاداری ثابت کرنا پڑ رہی ہے۔ ہندوانتہا پسندی کے غلبے کے لیے قائم مودی حکومت نے اپنا اقتدارمضبوط کرنے کے لئے مسلمانوں کی زندگی اجیرن کردی ہے اور ان کاجینامحال کردیا ہے، انہیں تعلیم جیسے بنیادی حق سے بھی محروم کیا جانے لگا ہے۔بھارتی جریدے” نیشنل ہیرالڈ“ کے مطابق مسلمان طالبہ فرح ناز نے بتایا کہ جنترمنتر پر احتجاج کے دوران بھارتی پولیس نے ان پرتشدد کیا اورمسلمان ہونے کی وجہ سے کئی گھنٹے گاڑی میں بٹھا کر رکھا۔ان کے مطابق پولیس نے بتایا کہ تمہاری اور دوسرے مسلمان مظاہرین کی الگ فہرست بنے گی کیونکہ تم غدار ہو۔ فرح ناز نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر بھی ہمیں غدار کہہ کر ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔بھارت میں ریاستی سرپرستی میں مسلمانوں پر تشدد،مساجد کونقصان پہچانا اورانہیں نفرت کانشانہ بنانا ایک معمول بن چکا ہے۔ دو قومی نظریے کی روشنی میں بھارت میں رہ جانے والے مسلمانوں کے حوالے سے قائداعظم کی پیش گوئی سچ ثابت ہوئی ہے۔








