راجوری، پونچھ میں بس آپریٹرز کی پہیہ جام ہڑتال

جموں:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے راجوری اور پونچھ اضلاع میں بس آپریٹرز نے پیر کے روز مکمل پہیہ جام ہڑتال کی اور روٹ پرمٹ کے بغیر م نجی گاڑیوںکو مسافروں کو لانے لے جانے کی اجازت دینے کے خلاف احتجاج کیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راجوری پونچھ بس یونین کے رہنماوں شیر سنگھ اور موہندر سنگھ نے کہا کہ پرائیویٹ ٹیکسیاں اور گاڑیاں بغیر اجازت کے بس روٹس پر چل رہی ہیں جس سے بس مالکان اور ڈرائیوروں کو مالی نقصان ہو رہا ہے جو پہلے ہی معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے متعلقہ حکام اور ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ بغیر پرمٹ کے چلنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کریں اور اس مسئلے کو مستقل طور پر حل کریں۔یونین نے خبردارکیا کہ اگر ان کے مطالبات پر توجہ نہ دی گئی تو احتجاج میں شدت لائی جائے گی اور ہڑتال کو بڑھایا جائے گا۔
دریں اثنائٹیمپو ٹریولرس ایسوسی ایشن راجوری نے ہڑتال کی حمایت کی اور اپنے اراکان سے اپیل کی کہ وہ احتجاج کرنے والے بس آپریٹرز کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اپنی گاڑیاں بند رکھیں۔






