مقبوضہ جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں میں بھارتی فورسز کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز نے جموں خطے اوروادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں تیزکر دی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی پیراملٹری بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) اور پولیس نے بھارت کے یوم آزادی سے قبل ضلع جموں میں ارنیہ اور اسے ملحقہ علاقوں ایک نالہ اور کول کلان میں مشترکہ طور پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کیں۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ آپریشن کے دوران تقریباً 15 گھروں کی مکمل تلاشی لی گئی۔اسی طرح کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں راجوری، پونچھ، کشتواڑ، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں بھی کی گئیں۔بھارتی فورسز نے ایجنسیوں کے ساتھ مل کر بارہمولہ، کپواڑہ، بانڈی پورہ، بڈگام، اسلام آباد، کولگام اور پلوامہ اضلاع کے کئی علاقوں میں گھروں پر چھاپے مارے اورتلاشیاں لیں۔
دریں اثناءبھارتی فورسز اور ایجنسیوں نے اہم مقامات اور سڑکوں کی نگرانی مزید سخت کردی ہے۔ سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم اور جموں کے ایم اے اسٹیڈیم سمیت بھارتی یوم آزادی کی تقریبات کے مقامات کے ارد گرد بھاری تعداد میں بھارتی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔بڑی شاہراہوں اور دیگراہم سڑکوں پر گاڑیوں اورمسافروں کی تلاشی کا سلسلہ تیز کردیاگیاہے اورلوگوں سے ان کی شناختی دستاویزات طلب کی جارہی ہیں۔






