قائد حریت سید علی گیلانی کو ان کی برسی پر شاندار خراجِ عقیدت
کشمیریوں کا سید علی گیلانی کے مشنِ کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

سرینگر : کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں اور تنظیموں نے قائد حریت شہید سید علی گیلانی کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیریوں کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ان کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے جدوجہد ہرقیمت پر جاری رکھی جائے گی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے زندگی بھر جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کی اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی وکالت کی۔جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سید علی گیلانی کی پانچویں برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید رہنما کی زندگی بھر کی جدوجہد، ثابت قدمی اور کشمیر کاز سے غیر متزلزل وابستگی آزادی پسند کشمیریوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے سید علی گیلانی کو ایک نظریاتی اور اصول پسند رہنما قرار دیا جنہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نے بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد میںبے مثال استقامت، بہادری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور طویل نظر بندی اور ریاستی جبر کے باوجود اپنے موقف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ ارشداقبال نے کہاکہ ”ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے“ کا نعرہ سید علی گیلانی کی سیاسی فکر اور کشمیری عوام کی امنگوں کی ایک نمایاں علامت بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کا مقصد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کا حصول تھا۔سید علی گیلانی کی وفات کو تحریکِ آزادی کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا نظریہ اور قربانیاں آج بھی جدوجہد کی رہنمائی کر رہی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور بھارت پر سفارتی دباو ڈالے تاکہ کشمیریوں کو ان کا ناقابلِ تنسیخ حق دیا جا سکے۔ ارشداقبال نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی سیاسی، سفارتی اور پرامن ذرائع سے شہید رہنما کے مشن کو آگے بڑھاتی رہے گی۔
تحریکِ حریت جموں و کشمیر نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ سید علی گیلانی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنے موقف پر چٹان کی طرح ثابت قدم رہے۔ بیان میں کہا گیا کہ تحریکِ آزادی میں سید علی گیلانی کے لازوال کردار کو کشمیر کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔مسلم لیگ جموں و کشمیر نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں سید علی گیلانی کو ایک بے خوف رہنما قرار دیا جنہوں نے مکار دشمن کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کے بجائے مظلوم عوام کی ایک توانا آواز کا کردار ادا کیا۔ تنظیم نے عزم ظاہر کیا کہ کشمیری عوام ہر قیمت پر سید علی گیلانی اور دیگر کشمیری شہداءکے مشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
جموں و کشمیر پیپلز لیگ، مسلم خواتین مرکز، کشمیر تحریکِ خواتین، نیشنل فرنٹ، مسلم کانفرنس جموں و کشمیر، ینگ مینز لیگ، تحریکِ وحدتِ اسلامی، پیروانِ ولایت اور دیگر حریت پسند تنظیموں نے سرینگر میں اپنے بیانات میںبھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف سید علی گیلانی کی زندگی بھر جاری رہنے والی جدوجہد کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی پوری زندگی ناانصافی اور بھارت کے جابرانہ قبضے کے خلاف مزاحمت میں گزاری اور اپنے اصولی موقف سے کبھی انحراف نہیں کیا۔ انہوں نے سید علی گیلانی کو محض ایک رہنما نہیں بلکہ مسلسل جدوجہد، غیر متزلزل یقین، انقلاب، امید اور روشنی کی علامت قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ سید علی گیلانی کے نظریات اور مشن آج بھی زندہ ہیں اور انہیں گزشتہ اور موجودہ دونوں صدیوں کی ایک اہم میراث کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ سید علی گیلانی نے یکم ستمبر 2021 کو سرینگر میں اپنی حیدرپورہ رہائش گاہ پر بھارتی پولیس کی حراست میں شہادت پائی جہاں انہیں ایک دہائی سے زائد عرصے تک مسلسل نظر بند رکھا گیا تھا۔ ان کی خواہش تھی کہ انہیں سرینگر کے عیدگاہ میں واقع مزارِ شہداءمیں دفن کیا جائے، تاہم بھارتی فورسز نے انہیں زبردستی رات کے اندھیرے میں حیدرپورہ قبرستان میں دفن کر دیا۔




