کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ
اسلام آباد13اکتوبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی ظلم و بربریت اور جارحیت کے خلاف کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آبادمیں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسرو س کے مطابق مظاہرے میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمد فاروق رحمانی ، غلام محمد صفی ، محمود احمد ساغر،سید فیض نقشبندی اور دیگر کشمیری حریت رہنمائوں نے شرکت کی ۔ مظاہرین نےاس موقع پر بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے ۔ حریت رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی تک جنوبی ایشیاء کے خطے میں امن و سلامتی کو مسلسل خطرہ لاحق رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کردی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کے سفیرہونے کی حیثیت سے دنیا بھر کو مقبوضہ کشمیر کے موجودہ سنگین صورتحال سے مسلسل آگاہ کر رہا ہے ۔انہوں نے اقوام عالم پرزوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی ظلم و بربریت اور جارحیت کاسخت نوٹس لیں اورنہتے کشمیریوں کے قتل عام کا سلسلہ فوری بند کروائیں۔مقررین نے اقوام متحدہ سے کشمیر بارے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے کا بھی مطالبہ کیا ۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز تلاشی اور محاصرے کی نام نہاد کارروائیوں کی آڑ میں گھر گھر جاکر خواتین خواتین کو ہراساں کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارتی قابض فورسزمقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر پامالیوں میں ملوث ہیں اور جموں وکشمیر میں ہندوتوا کو پروان چڑھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کے بھارت مذموم عزائم پر اقوام عالم اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔انہوں نے جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کااعادہ کیا۔