قائد حریت سید علی گیلانی کی پانچویں برسی کل منائی جائے گی

سرینگر : کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری قائد حریت سید علی گیلانی کی پانچویں برسی کل یکم ستمبر کو اس عزم کی تجدید کے ساتھ منائیں گے کہ ان کے مشنِ آزادی کو ہرقیمت پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی یکم ستمبر 2021 کوبھارتی حراست کے دوران سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے تھے، جہاں وہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے مسلسل نظر بند تھے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شہید رہنما اور دیگر کشمیری شہداءکی فاتحہ خوانی کے لیے کل حیدرپورہ میں ان کی قبرپر حاضری دیں۔حریت کانفرنس نے ایک بیان میں ائمہ مساجد اور خطیبوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ مساجد میں عظیم رہنما اور دیگر کشمیری شہداءکے لیے خصوصی دعائیں کریں۔بیان میں دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔ بیان میں کہا گیا کہ کشمیری شہداءکی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ کشمیر کاز کے ساتھ سید علی گیلانی کی غیر متزلزل وابستگی آنے والی نسلوں کو تحریک دیتی رہے گی۔ بیان میں کہاگیا کہ ان کا جذبہ مزاحمت کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کو مسلسل تقویت دیتارہے گا جبکہ پاکستان کے ساتھ جموں و کشمیر کے الحاق کی ان کی زندگی بھر کی جدوجہد ان کے غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ سید علی گیلانی کی قیادت کے گہرے نقوش کشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ کے لیے ثبت ہو چکے ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ ”ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے“ کا نعرہ آج بھی سید علی گیلانی کے وژن کی علامت کے طور پر قائم ہے۔ ان کے مشن کو آگے بڑھانا انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔



