بھارت:بجٹ میں بچوں کیلئے مختص فنڈ میں کمی پر اظہار تشویش
نئی دلی 02 فروری (کے ایم ایس)بھارت میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کی تنظیم کیلاش ستیارتھی چلڈرن فائونڈیشن نے مودی حکومت کے مالی سال 2022-23کے بجٹ میں بچوں سے متعلق مختلف پروگراموں اور اسکیموں کیلئے مختص فنڈ میں کمی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
فائونڈیشن نے نئی دلی میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے بجٹ میں بچوں سے متعلق مد میں مجموعی بجٹ کا 2.46 فیصد مختص کیا گیا تھا، جب کہ رواں مالی سال میں اس میں کمی کر کے 2.35فیصد کردیاگیا ہے۔ یہ 2008کے بعد بچوں کے حقوق کے لیے مختص کی جانے والی اب تک کی سب سے کم رقم ہے۔بیان کے مطابق مہلک کورونا وبا کی وجہ سے بچوں کی تعلیم، حفاظت صحت ، غذائیت، پینے کے پانی، صفائی ستھرائی اور تحفظ بڑی حد تک متاثر ہوا ہے اورمعاشرے کے پسماندہ اورغریب لوگوں کی آمدنی میں کمی کی وجہ سے بچے چائلڈ لیبر، ٹریفکنگ، استحصال، جنسی استحصالاور ناانصافی کا شکار ہیں۔ ان تمام پہلوں کے پیش نظر مرکزی بجٹ میں بچوں کے مفاد میں فنڈز بڑھانے کی ضرورت تھی۔