وزیر اعظم مسئلہ کشمیر کو تمام عالمی فورموں پر اجاگر کر رہے ہیں، فرخ حبیب
اسلام آباد 03 فروری (کے ایم ایس)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے طویل عرصے سے زیر التواءتنازعہ کو مختلف بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرکے مظلوم کشمیریوں کے وکیل اور دلیر سفیر کا کردار ادا کیا ہے۔ وہ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ ڈیجیٹل فوٹوگرافی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی رہنماو¿ں سے دو طرفہ ملاقاتوں سمیت ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں مودی سرکار کے ظالمانہ مظالم کو بے نقاب کرنے کے بعد مغربی میڈیا نے بھی اس معاملے کو اجاگر کرنا شروع کردیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے جس میں کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ بھارتی اقدام اور اس کے بعد بھارتی فوجی محاصرے کیوجہ سے 80 لاکھ سے زائد کشمیری قیدی بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں نہ تو میڈیا آزاد ہے اور نہ ہی سوشل پر کسی کو سرگرمی کی اجازت ہے۔انہوںنے کہا کہ مودی کی آر ایس ایس ذہنیت کا اندازہ کشمیر میں جاری ظلم وستم سے لگایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے لاکھوں کشمیریوں کو شہید کیا ہے لیکن وہ کشمیریوں کی آواز کو دبا نہیں سکے ۔