قابض حکام نے ریاسی میں مزید پانچ کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کرلیں
جموں:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے ضلع ریاسی میں بھارتی پولیس نے مزید پانچ کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کرلی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ کارروائی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت کے مطالبے پر کی گئی ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل پولیس نلن پربھات نے 28 کنال اور14.5 مرلے اراضی ضبط کرنے کی پیشگی منظوری دی ہے۔
جن پانچ کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کی گئی ہیں ان کی شناخت محمد قیوم، بشیر احمد عرف معصوم، شوکت علی، منظور احمد اور امتیاز احمد کے طورپر ہوئی ہے۔ ان سب کا تعلق ضلع ریاسی سے ہے۔یہ جائیدادیں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ”یو اے پی اے” کے تحت ضبط کی گئی ہیں۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ افراد آزادی اور بھارتی قبضے سے نجات کے لیے کام کر رہے تھے۔
اگست 2019میں مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد بی جے پی کی بھارتی حکومت نے کشمیریوں کو ان کی زمینوں اورجائیدادوں سے محروم کرنے سلسلہ تیز کردیا ہے ۔ اس کا مقصد مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا اور اسکی مسلم اکثریتی شناخت کو مٹانا ہے۔








