ڈی ایف پی کا کشمیری خواتین کو درپیش سنگین حالات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پراظہار تشویش
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے 25نومبرکو خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر مقبوضہ علاقے کی خواتین کو درپیش سنگین حالات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر غلام رسول نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر گزشتہ کئی دہائیوں سے ایک سنگین سیاسی اور انسانی بحران سے دوچار ہے۔ لاکھوں کشمیریوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے تسلیم شدہ اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد میں اپنی جانیں قربان کی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس طویل جدوجہد کے دوران بھارتی فورسز کی طرف سے قتل وغارت ،تشدد، گرفتاریوں اور جبری گمشدگیوں کے دردناک اثرات سب سے زیادہ کشمیری خواتین نے برداشت کیے ہیں۔یہ وہ مائیں ہیں جنہوں نے اپنے بیٹوں کو کھویا، وہ بہنیں ہیں جن کے بھائی جیلوں کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں، وہ بیٹیاں ہیں جنہوں نے اپنے والدین اور خاندانوں کو ظلم و جبر کی نذر ہوتے دیکھا اور وہ بیوائیں ہیں جو برسوں سے انصاف اور اپنے عزیزوں کی واپسی کی امید میں زندگی گزار رہی ہیں۔
ڈاکٹرغلام رسول نے کہاکہ حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں قربانیاں دینے والے کشمیری خاندانوں کا دکھ بالخصوص خواتین کا درد ایک ایسا انسانی المیہ ہے جسے عالمی برادری نظرانداز نہیں کرسکتی۔تقریبا دس لاکھ بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں کشمیری خواتین مسلسل خوف، عدم تحفظ، ہراسانی اور جبر کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ خواتین کے خلاف تشدد، تذلیل، انسانی حقوق کی پامالیوں اور ان کے خاندانوں کو نشانہ بنانے والے اقدامات نے ان کی ذہنی صحت اورمعاشی حالات سمیت پوری زندگی پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیری خواتین بھی دنیا کی دیگر خواتین کی طرح امن، تحفظ، عزت، انصاف، آزادی اور انسانی وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق رکھتی ہیں۔کسی بھی سیاسی یا سکیورٹی جواز کی بنیاد پر ان کے حقوق کی پامالی قابلِ قبول نہیں ہوسکتی۔
ڈی ایف پی نے اقوام متحدہ، عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں خواتین کے خلاف تشدد اور انسانی حقوق کی دیگر خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں، متاثرہ خواتین کے تحفظ اور انصاف کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں اور بھارتی حکام کو بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین اور ذمہ داریوں کا پابند بنائیں۔








