مقبوضہ جموں و کشمیر میں ڈاکٹروں کا احتجاج چھٹے روز بھی جاری، تنخواہوں میں تفاوت ختم کرنے کا مطالبہ
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں قابض حکام کے امتیازی سلوک کے خلاف پوسٹ گریجویٹ اور سینئر ریذیڈنٹ ڈاکٹروںکا احتجاج بدھ کو مسلسل چھٹے روز بھی جاری رہا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈاکٹروں کا احتجاج کئی سرکاری میڈیکل کالجوں اور ضلعی ہسپتالوں تک پھیل گیا ہے۔ احتجاجی ڈاکٹرتنخواہوں میںفرق ختم کرنے اور بھارت میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کے برابر مراعات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ڈاکٹرز ساتویں پے کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد اور پوسٹ گریجویٹ و سینئر ریذیڈنٹ ڈاکٹروں کے معاوضوں میں اضافے پر زور دے رہے ہیں۔
گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں ڈاکٹروں کے رہنمائوں ڈاکٹر ثناء اور ڈاکٹر ابھیشیک متل نے کہا کہ تنخواہوں میں فوری اضافہ احتجاج کا بنیادی مطالبہ ہے۔ ڈاکٹر ابھیمنیو مانہس نے بھی احتجاج کی حمایت کی۔ جموں میں ریذیڈنٹ ڈاکٹروں نے منگل کو خاموش احتجاج کیا۔ انہوں نے سفید ایپرن، سیاہ پٹیاں اور چہرے پر ماسک پہن رکھے تھے۔
سب ڈسٹرکٹ ہسپتال سوپور کے ریذیڈنٹ ڈاکٹروں نے بھی احتجاج کیا۔ انہوں نے مساوی تنخواہ اور ان کی خدمات کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔ڈاکٹروں نے حکام کے سامنے مطالبات کی فہرست پیش کی ہے جن میں چھٹے پے کمیشن پر مبنی موجودہ تنخواہی ڈھانچے کا خاتمہ اور پوسٹ گریجویٹ ریذیڈنٹ ڈاکٹروں کے لیے ساتویں پے کمیشن کے لیول 10 کا نفاذ شامل ہے۔








