میر واعظ کا جموں و کشمیر کے نازک ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوششوں پرزور
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے علاقے کے نازک ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں ماحولیاتی تباہی پر وزیر اعلی عمر عبداللہ کی خاموشی پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ علاقے کی پہاڑی جھیلوں کے گرد تعمیراتی سرگرمیاں روکنے کے مطالبے پر مبنی پٹیشن کی حمایت کریں۔
میر واعظ نے کہاکہ ہم سب کو اپنے ماحولیاتی نظام کے انتہائی نازک مقامات پر ہونے والی اندھا دھند تباہی روکنے کے لیے اجتماعی طور پر آواز اٹھانا ہوگی۔ وزیر اعلی عمر عبداللہ خاموش کیوں ہیں؟ یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ آواز اٹھائیں اور اس لوٹ مار کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔ میں نے اس پٹیشن پر دستخط کر دیے ہیں اورجموں و کشمیر کے نازک ماحولیاتی نظام کو بچانے کے خواہش مند تمام لوگوں سے بھی ایسا کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔
حریت رہنما نے کشمیر کی بلند پہاڑی جھیلوں کے گرد تعمیرات روکنے کے مطالبے پر مبنی آن لائن پٹیشن کا لنک بھی شیئر کیا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بلند پہاڑی جھیلوں کے گرد تعمیرات کا معاملہ محض ماحولیاتی تشویش تک محدود نہیں۔ ان کاکہنا ہے کہ علاقے میں مندر تعمیر کرنے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے، جس کا مقصد کشمیر کی منفرد مسلم شناخت کو نقصان پہنچانا ہے۔







