بھارت میں مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے نفرت انگیز جرائم
بی جے پی-آر ایس ایس کے زیرِ اثر اکثریتی سیاست اور ادارہ جاتی ناکامی
نئی دہلی :بھارت میں شہری حقوق کی معروف تنظیم ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر)نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں بھارت کی 24ریاستوں اور مرکزکے زیر انتظام علاقوں میں مسلمانوں اور عیسائیوں کو نشانہ بنانے والے نفرت انگیز جرائم کے 322 واقعات ریکارڈکئے ہیں جن میں 54افراد مارے گئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق رپورٹ جنوری تا ستمبر 2026کے عرصے پر مشتمل ہے۔ یہ انکشافات بی جے پی کی زیرِ قیادت بھارتی حکومت میں مذہبی عدم برداشت، فرقہ وارانہ تقسیم اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے سنگین خدشات کو جنم دیتے ہیں۔ رپورٹ میں اشتعال انگیز سیاسی تقاریر اور ریاستی حکام کی مبینہ شمولیت یا چشم پوشی کا بھی جائزہ لیا گیا ہے جس سے بھارت کے فرقہ وارانہ ماحول پر بی جے پی اور آر ایس ایس کے نظریاتی نیٹ ورک کے اثرات ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
تقریبا 119 واقعات میں ریاستی حکام پر ملی بھگت، براہِ راست شرکت یا کارروائی سے گریز کا الزام ہے۔ رپورٹ میں ایسی 37تقاریر کی نشاندہی کی گئی جن میں ہندئوں کوتشددپر اکسایا گیا اور ان میں سے 33تقاریرسرکاری عہدوں پر فائز افراد نے کیں۔ تنظیم نے جن تقاریر کا جائزہ لیا ان میں وزیرِ اعظم نریندر مودی اور وزیرِ داخلہ امت شاہ کی تقاریر بھی شامل ہیں۔ رپورٹ شدہ واقعات میں جسمانی تشدد، دھمکیاں، جنسی تشدد، عبادت گاہوں اور مذہبی املاک پر حملے، مسیحی عبادات میں رکاوٹ اور سماجی بائیکاٹ شامل ہیں۔
مسیحی برادری کے خلاف تشدد کے الزامات میں اتر پردیش اور چھتیس گڑھ سرِفہرست رہے۔ یونائیٹڈ کرسچن فورم نے بھی الگ سے جنوری تا اکتوبر 2026 کے دوران عیسائیوں کے خلاف تشدد کی 474شکایات رپورٹ کیں۔ ان انکشافات کے بعد فرقہ وارانہ تشدد پر بی جے پی حکومت کے طرزِ عمل اور مذہبی اقلیتوں کے تحفظ سے متعلق اس کی ذمہ داری پر تنقید میں تیزی آ گئی ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ سیاسی رہنماوں کی جانب سے اکثریتی بیانیے کو معمول بنا دینا ایسا ماحول پیدا کر سکتا ہے جہاں مذہبی اقلیتوں سے نفرت سماجی طور پر قابلِ قبول بن جائے۔ اے پی سی آر کی رپورٹ میں شامل سینئر بی جے پی رہنماوں کی تقاریر ،سیاسی بیان بازی، فرقہ وارانہ صف بندی اور آئینی ذمہ داری پر سنجیدہ سوالات اٹھاتی ہیں۔ متعدد ریاستوں میں ریاستی حکام پر عائد الزامات قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیر جانبداری اور کمزور طبقات کے تحفظ پر خدشات کو جنم دیتے ہیں۔ بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستیں بالخصوص اتر پردیش اور چھتیس گڑھ، عیسائیوں اور مسلمانوں پر حملوں کے باعث کڑی تنقید کی زد میں ہیں۔یہ تنازعہ بی جے پی حکومت کے جامع حکمرانی، مذہبی ہم آہنگی اور آئین کے تحت سب کو مساوی تحفظ دینے کے دعووں پر سوالیہ نشان ہے۔ وسیع تر ہندوتوا تحریک پر آر ایس ایس کا نظریاتی اثر و رسوخ اقلیتی حقوق کی تنظیموں اور حزبِ اختلاف کی جماعتوں کی تنقید کا مرکزی نکتہ بن چکا ہے۔بھارت میں فرقہ وارانہ منافرت میں اضافہ ہندوتوا سیاست کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا نتیجہ ہے۔
مبصرین کاکہناہے کہ بی جے پی کے سیاسی ایجنڈے اور آر ایس ایس کے ہندوتوا نظریے کا باہمی تعلق بھارت کی سیکولر شناخت کے لیے سنگین خطرہ ہے ۔ان کاکہنا ہے کہ مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف امتیازی سلوک ،منظم تشدد اوردھمکیوں کواجاگر کرنے اور بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی اور جانبداری پرآواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت میں سیاسی عہدیداروں کی اشتعال انگیز بیان بازی اور فرقہ وارانہ تقسیم کو ہوا دینے میں ان کے کردار کو اجاگرکرنا ضروری ہے۔ یہ واقعات مذہبی آزادی، مساوات اور سیکولر طرزِ حکمرانی کے بھارتی آئینی اصولوں کے لیے کھلا چیلنج ہیں۔ اس صورتِ حال سے بھارت کے اقلیتی حقوق کے ریکارڈ اور جمہوری ساکھ پر سول سوسائٹی تنظیموں کے خدشات کو مزید تقویت ملتی ہے۔









