مقبوضہ جموں وکشمیر: ڈاکٹروں کی مطالبات کے حق میں ہڑتال جاری
سرینگر :بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں پوسٹ گریجویٹ اور سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے وظیفہ پر نظرثانی، یکساں تنخواہ سکیلوں کے مطالبات پر اپنا احتجاج آج 9ویں روز بھی جاری رکھا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ احتجاج دو میڈیکل کالجوں سے آگے پھیل چکا ہے، کئی سرکاری میڈیکل کالجوں، متعلقہ ہسپتالوں اور ضلعی ہسپتالوں کے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں بھی ہڑتال میں شامل ہو گئے ہیں۔
ڈاکٹر پوسٹ گریجویٹ (پی جی)، سینئر ریزیڈنٹ، ڈپلومیٹ آف نیشنل بورڈ (ڈی این بی) اورایم ڈی ایس ڈاکٹروں کے لیے ماہانہ وظیفے میں اضافے، ساتویں پے کمیشن کو نافذ کرنے اور مقبوضہ علاقے میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے اداروں میں یکساں تنخواہ کے پیمانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
گورئمنٹ میڈیکل کالج سے وابستہ ڈاکٹر لبنا کا کہنا ہے کہ ”ہم برسوں سے اپنے مسلہ اٹھا رہے ہیں لیکن حکومت کی طرف سے کوئی ٹھوس جواب نہیں آیا ہے۔ ہمارے وظیفہ پر آخری بار 2017 میں چھٹے پے کمیشن کے تحت نظر ثانی کی گئی تھی۔ مہنگائی 51 فیصد سے تجاوز کرنے کے ساتھ، ہم تمام سرکاری میڈیکل کالجوں اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے اداروں میں یکساں وظیفہ ڈھانچہ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
ڈاکٹروں نے ضلع اسپتالوں، سری نگر اور جموں کے سرکاری میڈیکل کالجوں اور سورہ ہسپتال میں خدمات انجام دینے والوں کے درمیان وظیفے میں تفاوت کو بھی اجاگر کیا ہے۔

ڈاکٹر نیل نے کہاہم سب کے ہمہ وقت (چوبیس گھنٹے) کام کرنے کے باوجود، وظائف میں بہت بڑا فرق موجود ہے۔ ہم وظائف کے لیے ایک یکساں نظام اور اپنی تنخواہوں پر نظر ثانی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ہم اس وقت تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے جب تک ہمیں تحریری یقین دہانی نہیں مل جاتی۔







