مقبوضہ جموں و کشمیر

وسائل کے استحصال پر بھارت کا دوہرہ معیار بے نقاب

منی پور، کیرالہ اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں مقامی آبادی کی مخالفت کے باوجود معدنیات کی کان کنی جاری

اسلام آباد:دنیا کو قدرتی وسائل کا استحصال روکنے کا لیکچر دینے والا بھارت خود اپنے قبائلی پہاڑی علاقوں، جنوبی ساحلی ریاستوں اور غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں مقامی آبادی کی مخالفت کے باوجود معدنی وسائل کی بڑے پیمانے پر کان کنی کر رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت کا یہ طرزِ عمل اس کے دعوئوں اور عملی پالیسیوں کے درمیان واضح تضاد کو ظاہر کرتا ہے۔ منی پور، کیرالہ اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں معدنیات کے حصول کے منصوبوں پر مقامی آبادی اور علاقائی حکومتوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔منی پور میں بی جے پی کی ریاستی حکومت نے 2017-18 کے دوران نجی کمپنیوں کے ساتھ 39مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ ان معاہدوں کے تحت میانمار کی سرحد سے متصل اکھرول، کامجونگ، ٹینگنوپال اور چندیل اضلاع میں کرومائٹ، چونا پتھر، نکل، تانبا اور پلاٹینم گروپ کی دھاتوں کی تلاش کا منصوبہ بنایا گیا۔ان پہاڑی علاقوں میں 66لاکھ 60ہزار ٹن کرومائٹ موجود ہے۔ اس میں سے تقریبا 55 لاکھ ٹن اکھرول اور کامجونگ اضلاع میں ہے۔
23 فروری 2019 کو ایک کمپنی کے ساتھ کامجونگ کے علاقے شنگچا-گامنوم میں 85 ہیکٹر رقبے پر کرومائٹ کی کان کنی کا 20سالہ معاہدہ کیا گیاتھا۔ مقامی طلبہ تنظیموں کے مطابق، ان منصوبوں کے لیے عوام سے مشاورت نہیں کی گئی۔ جنگلات اور ماحولیات سے متعلق ضروری منظوری بھی حاصل نہیں کی گئی۔ناقدین کاکہنا ہے کہ ان منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے نسلی تشدد کو استعمال کیاجا رہا ہے۔ منی پور میں جاری نسلی تنازعے کے دوران اب تک تقریبا 300افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
شمال مشرقی بھارت کے جنگلات بھی معدنیات کی تلاش کے منصوبوں سے متاثر ہو رہے ہیں۔ 2023 کے فاریسٹ کنزرویشن ترمیمی قانون کے تحت سرحد سے 100کلومیٹر کے اندر منصوبوں کیلئے جنگلات کی منظوری کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ شمال مشرقی بھارت کا بیشتر علاقہ اس دائرے میں آتا ہے۔ناگالینڈ، تریپورہ، میزورم اور سکم نے اس قانون پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔ ان میں سے بعض ریاستوں میں بی جے پی یا اس کے اتحادی اقتدار میں ہیں۔جنوبی ریاست کیرالہ میں بھی قدرتی وسائل کے معاملے پر بی جے پی کی بھارتی حکومت اور ریاست کے درمیان اختلافات سامنے آئے ہیں۔ مودی حکومت نے کولم کے ساحل سے دور 242 مربع کلومیٹر پر محیط سمندری بلاکس کے ٹینڈرز جاری کیے۔ ان علاقوں میں تقریبا 30کروڑ 20 لاکھ ٹن ساحلی ریت موجود ہے۔ان منصوبوں سے حاصل ہونے والی رائلٹی کیرالہ کے بجائے مودی حکومت کو ملے گی۔ کیرالہ اسمبلی نے متفقہ قرارداد منظور کرکے مرکز سے متعلقہ قانون واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ تاہم نئی دہلی نے ٹینڈرنگ کا عمل نہیں روکا۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی بھارت معدنی وسائل کی لوٹ مار میں ملوث ہے۔ بھارتی حکومت ریاسی میں 59لاکھ ٹن لیتھیم کی نیلامی کی دو بار کوشش کر چکی ہے۔ نومبر 2025 میں اس نے علاقے میں چونا پتھر کے سات بلاکس کی پہلی ای نیلامی بھی شروع کی۔
دوسری جانب بھارت سندھ طاس معاہدے کے معاملے پر بھی بین الاقوامی قانونی فیصلوں کو تسلیم کرنے سے انکار کر رہا ہے۔ 31اگست 2026 کو ہیگ کی ثالثی عدالت نے متفقہ فیصلے میں قرار دیاتھا کہ بھارت کی جانب سے معاہدے کی معطلی کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ تاہم بھارت نے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے معاہدے کی معطلی برقرار رکھنے پر اصرار کیا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ بھارت نے 26مئی 2026 کو امریکہ کے ساتھ اہم معدنیات سے متعلق ایک معاہدہ بھی کیا۔ امریکہ کے ساتھ پاکستان کے معدنیات سے متعلق معاہدے بھی عالمی سطح پر زیرِ بحث ہیں۔یہ تمام معاملات بھارت کی قدرتی وسائل سے متعلق پالیسی پر اہم سوالات اٹھاتے ہیں۔ ایک طرف نئی دہلی وسائل کے منصفانہ استعمال اور خودمختاری کی بات کرتا ہے۔ دوسری طرف اس کی اپنی پالیسیوں پر مقامی آبادیوں کے حقوق اور علاقائی مفادات کے حوالے سے اعتراضات سامنے آتے ہیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button