یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں مظفرآباد میں پاسبان حریت کے زیراہتمام ریلی کا انعقاد
مظفرآباد05 فروری (کے ایم ایس) یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میںمظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے آج مظفرآباد میںپاسبان حریت جموں و کشمیر کے زیراہتمام ایک ریلی نکالی گئی۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق لوگوں کی ایک بڑی تعدادبرہان وانی شہید چوک پر جمع ہوئی جنہوں نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کوان کا حق خودارادیت دینے کا مطالبہ درج تھا۔اس موقع پر پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے ظلم و بربریت کا شکار ہیں اور وہ اپنے محفوظ مستقبل کے لیے بھارتی قبضے سے آزادی اورحق خود ارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی تمام مذموم سازشوں کی ناکامی کے بعد مقبوضہ جموں وکشمیر سے رسوا ہوکر واپس جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ کشمیر کاز کے لیے کھڑے رہے اور وہ ہر سال تنازعہ کشمیر کے حوالے سے ذمہ داریاں یاد دلانے کے لئے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑتے ہیں اورکشمیریوں کی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان سمیت پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنے بھائیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔عزیر غزالی نے کہا کہ دنیا بھر میں لاکھوں پاکستانیوں اور کشمیریوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ جموں و کشمیر کے عوام سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کرے اور تنازعہ کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔ریلی میں پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر، عثمان علی ہاشم، جاوید احمد مغل، مشتاق الاسلام، سردار حنیف رضوان اور دیگر نے بھی شرکت کی۔