جموں :سیاسی رہنماوں نے حد بندی کمیشن کی رپورٹ مسترد کر دی
سرینگر 09 فروری (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں خطے کے علاقے نگروٹہ کی مختلف سیاسی جماعتوں اور دیگر تنظیموں کے رہنماوں نے حد بندی کمیشن کے کی رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے جس میں علاقے میں نئی حلقہ بندیوں کی تجویز دی گئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انہوں نے کمیشن کے ارکان سے اپیل کی کہ وہ متعلقہ حلقوں کے لوگوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے تازہ معلومات کے ساتھ رپورٹ کوازسر نوہ ترتیب دیں۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے نائب صدر چودھری حامد نے جموں میں نیشنل کانفرنس (این سی)، بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) اور دیگر جماعتوں کے مقامی رہنماﺅں کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ ایسا لگ رہا ہے کہ حد بندی کے مسودے میں عوام کی خواہشات، معیارات اور زمینی حقائق کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن نے جو سفارشات پیش کی ہیں وہ لوگوں کی ضروریات، خواہشات اور امنگوں کے مطابق نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا یہ حلقوں کو فرقہ وارانہ خطوط پر تقسیم کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا حد بندی کمیشن کی پوری مشق بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کی ایک بڑی چال ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں خطے کی راجوری اور پونچھ اسمبلی سیٹوں کو بھی لوگوں کو اعتماد میں لیے بغیر مقبوضہ وادی کے ضلع اسلام آباد کے لوک سبھا حلقہ میں شامل کیا جا رہا ہے۔