میر واعظ کی کشمیریوں سے جمعہ کو یوم سیاہ منانے کی اپیل
سرینگر 02اگست (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 5 اگست کو یوم سیاہ کے طور پر مناکر دنیا کو یہ واضح پیغام دیں کہ کشمیری اپنے مادر وطن پربھارت کے غیر قانونی اقدامات کو قبول نہیں کرتے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے جو 4اگست2019سے مسلسل گھر میں نظربند ہیں سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری اپنے ناتابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے۔ بھارت طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیریوںکو انکا ناقابل تنسیخ حق حاصل کرنے سے روک نہیں سکتا۔ 05اگست 2019کوانسانیت کے دشمن نریندر مودی کی قیادت میں آر ایس ایس کی حمایت یافتہ فسطائی بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے سیاسی، سماجی، مذہبی اور دیگر بنیادی حقوق سلب کر کے جموںوکشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کردیاتھا۔میرواعظ کا خیال ہے کہ 5اگست کے مودی حکومت کے یکطرفہ اقدامات جموں و کشمیر کی منفرد شناخت، ثقافت، آبادی اور بنیادی حقوق پر حملہ ہے۔انہوں نے دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ جمعہ کو بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کریں اور دنیا کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی حالت زار کی طرف مبذول کرائیں۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں راجہ خادم حسین اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہاہے کہ اسلامی سال کے پہلے مہینے محرم الحرام میں نواسہ رسول ۖ کی عظیم قربانی نہ صرف کشمیر بلکہ دنیا بھر کے تمام محکوم، لاچار، بے بس و مظلوم اقوام کیلئے ایک مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں مسلمانوں کے وجود کے درپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کا واحد قصور یہ ہے کہ انہوں نے آزادی کے ساتھ جینے کے اپنے حق کا مطالبہ کیا ہے جس پر نریندرمودی نے ان کا جینا حرام کردیا ہے۔خادم حسین اور سبط شبیر قمی نے امید ظاہر کی کہ بیگناہ کشمیریوں کا خون ایک دن ضرور رنگ لائے گا اوربھارت کو ایک دن مقبوضہ کشمیر میں ضرورشکست فاش ہو گی ۔