ایرانی طلباءکا کرناٹک میں حجاب پر پابندی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
تہران 20 فروری (کے ایم ایس)بھارتی ریاست کرناٹک کے کالجوں اور اسکولوں میں حجاب پر پابندی کے خلاف ایران کے دارالحکومت تہران میں بڑی تعداد میں طلباءنے بھارتی سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایران کے پریس ٹی وی نے بتایا کہ مظاہرین نے ایرانی حکام سے مطالبہ کیاکہ وہ ایک بیان جاری کرے اور حجاب پر پابندی عائد کرنے پر ریاست کرناٹک میںبھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت کے خلاف اقدامات کرے جو پورے ملک میں یکساں سول کوڈ کے لیے مہم چلا رہی ہے۔مظاہرے میں شریک طلباءنے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پرحجاب پر پابندی کے خلاف نعرے اور بھارت میں مسلمان طالبات کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ درج تھا۔ طلباءنے حجاب پر نئی پابندیوں کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک قرار دیا۔ریلی میں شریک ایرانی طلباءنے حجاب پر پابندیوں کو بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک اور لباس کی آزادی کے بنیادی انسانی حق کی خلاف ورزی قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ کسی کا لباس اور لباس کے انتخاب کا حق اظہار رائے کی آزادی کا ایک اہم حصہ ہے جس کی ضمانت انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کے آرٹیکل 19 میں دی گئی ہے جس پر بھارت نے دستخط کررکھے ہیں۔