آن لائن کانفرنسوں میں مقررین کا سید علی گیلانی کو خراج عقیدت
اسلام آباد 07 ستمبر (کے ایم ایس) تجزیہ کاروں اور انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں نے کشمیریوں کی آزادی اور حق خودارادیت کے لئے زندگی بھر جدوجہد کرنے پرعظیم کشمیری رہنما سید علی گیلانی کو شاندا ر خراج عقیدت پیش کیاہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار کشمیری رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمیشن اور سلام پاکستان کینیڈا کے زیر اہتمام دو الگ الگ آن لائن کانفرنسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ٹورنٹو میں قونصلیٹ جنرل پاکستان کی میزبانی میں ہونی والی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آزادکشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے سید علی گیلانی کو ایک قد آور شخصیت قراردیا جنہوں نے اپنی پوری زندگی مظالم براشت کئے لیکن آزادی کے راہ نہیں چھوڑی۔کینیڈا کے لئے پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر امیر خرم راٹھور نے سیدعلی گیلانی کی دیانتداری، کردار اور کرشماتی شخصیت کے صفات بیان کئے۔ سابق سفیر کرامت اللہ غوری نے آزادی اور حق خودارادیت کے مقصدکے لئے اپنی پوری زندگی وقف کرنے پر سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔انسٹی ٹیوٹ آف کنٹمپرری اسلامک تھاٹ ٹورنٹو کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ظفر بنگش نے سید علی گیلانی کی قائدانہ صلاحیتوں باالخصوص منزل کی نشاندہی کی اہلیت اور واضح نظریے کو اجاگرکیا۔ ورلڈ کشمیر ایویئرنیس فورم کے صدرڈاکٹر غلام نبی میر نے کہا کہ کشمیری ہمیشہ سید علی گیلانی کو سب سے زیادہ دیانتدار اور پرعزم رہنما کے طورپریاد رکھیں گے جنہوں نے نظربندی اور قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن کشمیریوں کو دھوکہ نہیں دیا۔
دوسری کانفرنس میں آئی سی آئی ٹی ٹورنٹوکے ڈائریکٹر ڈاکٹر ظفر بنگش، پروفیسر ریہانہ ہاشمی، ظفر ملک، افتخار مرزا، عابد حسین اور عظمیٰ خان نے کشمیریوں کی آزادی اورحق خودارادیت کے لئے سید علی گیلانی کی خدمات اور قربانیوں پر روشنی ڈالی۔