بھارتی کسانوں کا کل حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاج کرنے کا اعلان
نئی دہلی20مارچ (کے ایم ایس )بھارت کی 40کسان یونینوں کے مشترکہ پلیٹ فارم ”سمیوکت کسان مورچہ”(ای کے ایم) نے بھارتی حکومت کی طرف سے ان سے کئے گئے وعدے پورے نہ کرنے کے خلاف کل پیرکو ملک گیر احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے جن میں کم سے کم امدادی قیمت طے کرنے کے لئے ایک پینل کا قیام اور کسانوں کے خلاف مقدمات واپس لینا شامل ہے۔
ایس کے ایم کے رہنمائوں اور اراکین نے بھارتی حکومت کی طرف سے کسانوں سے کیے گئے وعدوں پر اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ایس کے ایم کے سینئر رکن ابھیمنیو کوہر نے کہا کہ کم سے کم امدادی قیمت کے حوالے سے قانون سازی کے لیے ایک پینل کی تشکیل، کسانوں کے خلاف مقدمات واپس لینے اور وزیر اجے مشرا ٹینی کو کابینہ سے نکالنے کے معاملے پر کسانوں سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ ایس کے ایم نے بھارت کے تین زرعی قوانین کے خلاف ایک سال طویل احتجاج کی قیادت کی تھی۔ اس نے گزشتہ سال 9 دسمبر کو حکومت کی جانب سے متنازعہ قوانین کو منسوخ کرنے اور اس کے دیگر 6 مطالبات پر غور کرنے پر اتفاق کرنے کے بعد اپنا احتجاج معطل کیا تھا۔ مطالبات میں کسانوں کے خلاف احتجاج کے دوران درج کئے گئے مقدمات کو واپس لینا، کم سے کم امدادی قیمت کے حوالے سے قانونی ضمانت دینا اور احتجاج کے دوران مرنے والے کسانوں کے لواحقین کو معاوضہ دینا شامل ہے۔ ایس کے ایم نے ایک بیان میں کہ کسان ملک گیر مہم کے اگلے مرحلے میں 11سے 17اپریل تک ”ایم ایس پی گارنٹی ہفتہ”منائیں گے۔ احتجاج کی معطلی کو تین ماہ گزرنے کے بعد بھی حکومت کی طرف سے اپنے وعدوں پر عمل درآمد نہ کرنا اس کے کسان دشمن عزائم کو بے نقاب کرتا ہے۔