پاکستانی ہائی کمیشن نئی دلی میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا گیا
نئی دلی23مارچ (کے ایم ایس)
پاکستانی ہائی کمیشن نئی دلی میں یوم قرارداد پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن کے ناظم الامور آفتاب حسن خان نے چانسری لان میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں قومی ترانے کی دھن پر پاکستان کا پرچم لہرایا۔تقریب میں صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔پاکستان کے قومی دن کے موقع پر ناظم الامور آفتاب حسن خان نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے دیگر قومی رہنمائوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اپنے غیر متزلزل عزم اور انتھک کوششوں سے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن قائم کیا۔ ناظم الامور نے پاکستان کے اقوام عالم میں ذمہ دار جمہوری ریاست کے طور پر باوقار کردار کو اجاگر کیا۔پاکستان کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد میں او آئی سی وزرا خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کا انعقاد مسلم دنیا میں پاکستان کے کلیدی کردار کا واضح مظہر ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ باہمی طور پر مفید تعلقات کا خواہاں ہے اور تمام تصفیہ طلب تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے پرامن ذرائع سے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں دیرپا امن و استحکام کیلئے جموں و کشمیر کے بنیادی مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنا ضروری ہے۔پاکستان ہائی کمیشن سکول کے طلبا نے تقریب میں قومی نغمے پیش کئے اور قیام پاکستان کی تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرتے ہوئے تقاریر کیں۔تقریب کے اختتام پر طلبا اور اساتذہ میں انعامات اور تحائف تقسیم کئے گئے اور خصوصی کیک بھی کاٹاگیا۔تقریب میں پاکستانی ہائی کمیشن کے افسران اور عملہ بھی اپنی فیملیزکے ہمراہ موجود تھا۔