ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کا شہید جلیل اندرابی کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سیمینار کا انعقاد
سرینگر26 مارچ (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہائی کورٹ بارایسوسی ایش نے انسانی حقوق کے معروف کارکن شہید جلیل اندرابی ایڈوکیٹ کو ان کے26ویں یوم شہادت پرخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سرینگر میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے چیئرمین نذیر احمد رونگا ، ترجمان جی این شاہین اور ایڈوکیٹ ارشد اندرابی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شہدائے کشمیر باالخصوص شہید جلیل اندرابی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئین اور بین الاقوامی قوانین کے تحت دی گئی بنیادی آزادیاں جموں و کشمیر میں سلب کرلی گئی ہیں جو ایک تشویشناک بات ہے اورجس کا ہر سطح پر سنجیدگی سے سدباب کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ شہداء نے اپنی جانیں نچھاور کی ہیں اور یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنی آئندہ نسلوں کے محفوظ اور روشن مستقبل کے لیے مشعل راہ بنیں۔انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنی قوم سے وعدہ کیا ہے کہ ہم ان کی رہنمائی کریں گے اوران کے تمام سیاسی، قانونی اورمعاشی حقوق کی حفاظت کریںگے اور سماجی اقدار کو کسی بھی بیرونی مداخلت سے پاک رکھیں گے ۔سیمینار میں متفقہ طورپرایک قرارداد منظور کی گئی جس میں کہاگیا کہ برصغیر میں امن کو ایک موقع دیا جانا چاہیے ۔ قراردادمیں کہاگیا کہ ہم امن اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی بنیاد پر تنازعہ کشمیر کے حل میں شراکت دار ہیں۔قرارداد میں کہاگیا کہ فلم ”دی کشمیر فائلز”کشمیری مسلمانوں کو بدنام کرنے اور جموں و کشمیر میں ظلم و جبر کا ایک نیا دورشروع کرنے کے لیے جھوٹ اور من گھڑت کہانیوںکا ایک پلندہ ہے۔