بھارتی حکام نے ممتازصحافی رعنا ایوب کو بیرون ملک جانے سے روک دیا
ممبئی 30مارچ (کے ایم ایس)
بھارتی حکام نے ممتاز صحافی رعنا ایوب کو ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے سے روک دیا ہے ۔
ممتاز بھارتی صحافی کو امیگریشن حکام نے تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے ان کے خلاف جاری نوٹس کی وجہ سے ممبئی ائیر پورٹ پر بیرون ملک جانے روکا ۔ حکام کا کہنا تھا ای ڈی رانا ایوب سے ان کے خلاف درج منی لانڈرنگ کے مقدمے میں پوچھ گچھ کرنا چاہتی ہے اور ان کا بیان ریکارڈ کرنا چاہتی ہے ۔ صحافی رعنا ایوب لندن روانگی کیلئے ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی تھیں، لیکن امیگریشن حکام نے انہیں روک دیا اور اس کے فورا بعد ای ڈی کی ٹیم نے ایئرپورٹ پر ہی رانا ایوب سے پوچھ گچھ کی اور انہیں تحقیقات میں شامل ہونے کو کہا۔ ای ڈی کے مطابق رانا ایوب پرکورونا ریلیف کے عطیات جمع کرنے میں غیرملکی فنڈنگ کے قوانین کی مبینہ خلاف ورزی کا الزام ہے ۔
ادھر رعنا ایوب نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ” آج بھارتی امیگریشن حکام نے انہیںصحافیوں کو ڈرانے اوردھمکانے کے موضوع پر آئی سی ایف جے میں خطاب کیلئے لندن جانے والی پرواز میں سوار ہونے سے روک دیا ہے ”۔انہوںنے کہاکہ اس کے بعد انہیںبھارتی جمہوریت پر جرنلزم فیسٹ سے خطاب کرنے کیلئے اٹلی جانا تھا۔ واشنگٹن میں قائم انٹرنیشنل سینٹر فار جرنلسٹس نے رانا ایوب کو خواتین صحافیوں کے خلاف آن لائن تشدد پر بحث کے لیے برطانیہ مدعو کیا تھا۔
واضح رہے کہ ممتاز بھارتی صحافی رعنا ایوب اکثر خودکو آن لائن ہراساں کیے جانے اور ٹرولز کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دئے جانے کے بارے میں ٹویٹ کرتی ہیں۔