امیت شاہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دہلی پولیس کی طرف سے ایف آئی آر درج
نئی دہلی:بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جس میں انہوں نے درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کے لیے ریزرویشن کوٹہ ختم کرنے کی دھمکی دی تھی،دہلی پولیس نے ویڈیو کو جھوٹا قراردیتے ہوئے ایف آئی آر درج کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دہلی پولیس نے امیت شاہ کی ویڈیو پر مقدمہ درج کرتے ہوئے دعوی کیا کہ ویڈیو کانگریس کی میڈیا ٹیم نے بنائی ہے۔ یہ ویڈیو بڑے پیمانے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کر رہی ہے جس میں بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کو درج فہرست ذاتوں ،درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کے لیے ریزرویشن کوٹہ کے خاتمے کی وکالت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔بی جے پی کے ترجمان امیت مالویہ نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ میں مسلمانوں کے لیے ریزرویشن کوٹہ کے معاملے پر امیت شاہ کے بیان کو غلط انداز میں پیش کرنے کے لیے مذکورہ ویڈیو میں تبدیلی کی گئی ہے۔