مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی پر اظہار تشویش
سرینگر 11اپریل (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری مولوی بشیر عرفانی نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے تیزی سے بڑھتے ہوئے واقعات پرشدید تشویش ظاہر کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مولوی بشیر عرفانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں پر بھارتی ظلم وتشدد، قتل و غارت ، پکڑ دھکڑ اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری امن پسند قوم ہے۔تاہم انہوں نے کہاکہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے مقبوضہ علاقے میں خونریزی جاری ہے اور آئے روز معصوم کشمیریوں کاقتل عام جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی قابض انتظامیہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کوکمزور کرنے کیلئے حریت پسند قیادت ، کشمیری نوجوانوں ،صحافیوں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے خلاف بے بنیاد مقدمات قائم کر رہی ہے اور انہیں مختلف ہتھکنڈوں سے تنگ کیاجارہا ہے ۔تاہم بشیر عرفانی نے واضح کیاکہ بھارت اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کو اپنی حق پر جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روک نہیں سکتا۔انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میںنہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالی بھارتی مظالم کا سلسلہ بند کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ حریت رہنماء کشمیری عوام کی مسلسل حمایت جاری رکھنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے اپنی کوششوں مزید تیز کریگا۔